کچہ آپریشن: سی ٹی ڈی نے اسلحہ سپلائی کرنے والے اہم ملزم کو گرفتار کرلیا

لاہور (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کے مطابق کچے میں آپریشن کرنے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے لئے اسلحہ و گولہ بارود فراہم کرنے والا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے اور دو بڑے متحرک کینگز کو اسلحہ سپلائی کرنے والے ملزم عبدالخالق کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

حکام سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران دو راکٹ لانچر بھی برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ جدید اسلحہ اور بارود کی فراہمی بلوچستان کے علاقے رکنی سے جا رہی ہے۔ اسلحہ و بارود لینے کیلئے دونوں گینگز نے شرپسند رمضان بگٹی اور ستار پتافی کو بھرتی کیا۔ ستار پتافی کے بھائی جاوید پتافی نے بلوچستان کے اسمگلر خان مسوری سے ڈیل کرائی۔

سی ٹی ڈی حکام نے انکشاف کیا کہ خان مسوری بگٹی سے راکٹ لانچرز اور پروپیلرز خریدے گئے۔ اسلحہ و بارود کی رقم ایزی پیسہ اکاؤنٹس سے منتقل ہوئی۔ رقم وصولی کے بعد راکٹ لانچرز اور پروپیلرز رکنی سے حاجی پور اور راجن پور تک لائے گئے۔ بعد ازاں انہیں موٹرسائیکل کے ذریعےملزمان تک منتقل کیاگیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کچے میں آپریشن سے متعلق حالیہ گرفتاری نہایت اہم ہے۔ اس کی مدد سے اسلحہ وبارود کی سپلائی چین کے دیگر کردار جلد گرفتار کرلیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ اور پنجاب کے کچے میں آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران ابھی تک پولیس نے پچاس سے زائد ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مقابلوں میں 6 کے قریب ڈاکوؤں کو موت کے گھاٹ اتارا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں