امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے روسی شہریوں کی بھرتی کیلئے ٹیلی گرام چینل لانچ کردیا

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام چینل لانچ کیا ہے جس کا مقصد روسی شہریوں کو جاسوسی کےلیے بھرتی کرنا ہے۔

منگل کو ٹیلی گرام پر روسی زبان میں ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں ایک خاتون اور مرد اپنی بیوروکریسی کی ملازمت سے پریشان ہیں اور سوال کر رہے ہیں کہ کیا ہم نے اس زندگی کا خواب دیکھا تھا؟

ویڈیو کلپ کا اختتام ایسے ہوتا ہے کہ دونوں سی آئی اے سے رابطہ کرتے ہیں۔

ٹیلی گرام چینل میں روسی شہریوں کو سی آئی اے کے ساتھ محفوظ رابطے کےلیے کہا گیا ہے۔

ویڈیو ختم ہونے کے بعد ایک پیغام نظر آتا ہے کہ سی آئی اے روس کے متعلق سچائی جاننا چاہتی ہے اور ہمیں ایسے بااعتماد افراد کی ضرورت ہے جو سچ جانتے ہیں اور ہمیں بتا سکتے ہیں۔

پیغام میں واضح لکھا ہے کہ کیا آپ فوجی افسر ہیں؟ کیا آپ انٹیلیجنس، سفارتکاری، سائنس، اعلیٰ ٹیکنالوجی کے شعبوں سے منسلک ہیں یا ان شعبوں میں کام کرنے والے افراد کو جانتے ہیں؟

پیغام میں مزید کہا گیا کہ کیا آپ کے پاس روس کی معیشت یا اعلیٰ رہنماؤں سے متعلق معلومات ہیں؟ تو ہم سے رابطہ کریں۔

یہ ویڈیو سی آئی اے کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بشمول یوٹیوب، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر بھی پوسٹ کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں