بلوچستان: مارگٹ زرغون میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 3 فوجی ہلاک

راولپنڈی (ک م) صوبہ بلوچستان کے صوبائی حکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ زرغون میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 فوجی ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد مارا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 20 مئی 2023 کو علی الصبح دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بلوچستان کے مارگیٹ ایریا زرغون میں قائم سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جو حال ہی میں علاقے میں کوئلے کی کانوں کو نشانہ بنا کر بھتہ خوری کی کوششوں کو روکنے میں مدد کے لیے قائم کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی پوسٹ پر موجود جوانوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔

مزید بتایا گیا کہ کوششوں پر مبنی فالو اپ کے تحت قریبی پہاڑوں میں ممکنہ طور پر فرار ہونے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشان دہی کی گئی ہے اور بلاکنگ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن مؤثر انداز سے آگے بڑھ رہا ہے اور سیکیورٹی فورسز علاقے سے دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترجمان بی ایل اے جیئند بلوچ نے دعویٰ کیا ہے کہ سرمچاروں نے زرغون اور مارگٹ حملوں میں پاکستانی فوج کے 9 اہلکاروں ہلاک اور 7 زخمی کردیئے۔

بی ایل اے کے سرمچاروں نے گذشتہ شب کوئٹہ کے نواحی علاقے زرغون میں پاکستانی فوج کے ایک پوسٹ کو نشانہ بنایا، سرمچاروں نے پوسٹ پر دو اطراف سے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار موقع پر ہلاک اور تین اہلکار زخمی حالت میں بھاگ گئے۔

آج صبح فوج نے زرغون، مارگٹ و گردنواح کے علاقوں میں پیش قدمی کا آغاز کیا، جس میں انہیں گن شپ و جاسوس طیاروں کی کمک حاصل تھی، اس دوران مارگٹ میں پہلے ہی سے گھات لگائے بی ایل اے کے سرمچاروں نے فوج کے پیدل اہلکاروں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، حملے کے نتیجے میں کم از کم چار مزید اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں