اٹلی نے سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت پر عائد پابندی ختم کردی

روم (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی نے متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت پر عائد پابندی ختم کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکومت نے کابینہ کے اجلاس کے بعد اس فیصلہ کا اعلان کیا ہے، حکومت نے اپنے بیان میں سعودی عرب کی حالیہ امن اور ثالثی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تبدیل شدہ زمینی صورت حال کی روشنی میں اس پابندی کی اب ضرورت نہیں رہی ہے۔

اٹلی نے 2019ء اور 2020ء میں یو اے ای اور سعودی عرب کو فوجی سازوسامان کی برآمدات پر پابندی عائد کی تھی تاکہ دونوں عرب ممالک کو یمن تنازع میں استعمال ہونے سے روکا جاسکے۔

واضح رہے کہ یمن ستمبر 2014ء میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کے دارالحکومت صنعاء پر قبضے کے بعد سے تنازعات کا شکار ہے، سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد نے مارچ 2015 میں یمن میں مداخلت کی تھی جس کا مقصد ملک کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو صنعاء میں بحال کرنا تھا۔

مارچ میں بیجنگ میں چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی کا معاہدہ طے پایا تھا اور انھوں نے 2016 سے منقطع سفارتی تعلقات کی بحالی کے علاوہ الریاض اور تہران میں سفیروں کی تعیناتی سے اتفاق کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں