یوم پاکستان 23 مارچ بھرپور قومی جذبے سے آج منایا جا رہا ہے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) مادر وطن کیلئے ہر قربانی کے عزم کے اعادے کا دن ’ یوم پاکستان‘ آج انتہائی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ اسلام آباد کے پریڈ گراﺅنڈ میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد ہوں گے۔

23 مارچ 1940 کو لاہور میں پاکستان کے قیام کی قرار داد منظور کی گئی جس کی یاد میں آج پاکستانی 79 واں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منار ہے ہیں۔ شہر شہر قومی پرچموں کی بہار ہے ، عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جاچکا ہے۔ رات کو 12 بجتے ہی قرار داد پاکستان کی جگہ مینار پاکستان (گریٹر اقبال پارک لاہور) میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی نغمے بھی ریلیز کیے گئے ہیں۔

تجدید عہدِ وفا کے اس دن کے موقع پر اسلام آباد کے پریڈ گراﺅنڈ میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں پاک فوج کے دفاعی سازو سامان کی نمائش کی جائے گی جبکہ پاک فضائیہ کے طیارے فضاﺅں میں شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن کے دل پر ہیبت طاری کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں