خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کی آبادکاری کی تحقیقات کا مطالبہ

پشاور (ڈیلی اردو) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

ایمل ولی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی آبادکاری کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سربراہی میں بنائی جائے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی گٹھ جوڑ 2018 انتخابات میں بھی برقرار رہا اور ایک دفعہ پھر صوبے میں پی ٹی آئی کو اکثریت دلوائی گئی۔ اے این پی نے ہر دستیاب فورم پر ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی گٹھ جوڑکو بے نقاب کیا۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اے این پی ہی تھی جس نے پختونخوا میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری کی سازش کا پردہ چاک کیا۔ پی ٹی آئی گورنر اور وزراء کی جانب سے سرکاری خزانے سے بھتے دینے کا انکشاف بھی اے این پی نے ہی کیا تھا۔ سابق وزیراعظم عمران نیازی اور صوبائی مشیر بیرسٹر سیف کئی مرتبہ دہشتگردوں کو دوبارہ لانے کا اعتراف کرچکے ہیں۔ اے این پی نے دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری اور انکو منظم کرنے کی پالیسی کی مسلسل مخالفت کی ہے۔ عوام کو ایک دفعہ پھر دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں