‏ملالہ یوسف زئی کی جاپانی وزیراعظم سے ملاقات

ٹوکیو (ویب ڈیسک) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے جاپان سمیت تمام جی20 ممالک سے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی، جاپان میں منعقدہ جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔

ملالہ یوسف زئی نے جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کو ‘مستقبل میں معاشی استحکام اور عالمی امن کی خاطر اس وقت لڑکیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے’ آگاہ کیا۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم شینزو آبے رواں سال کے جی 20 کے میزبان کی حییثیت سے جاپان میں لڑکیوں کی تعلیم اور ان کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کی خاطر تمام رہنماؤں کو نئی فنڈنگ پر آمادہ کریں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘مجھے توقع ہے کہ وہ جاپان میں میری بہنوں کی مدد کے لیے جی 20 کی صدارت کو استعمال کرسکتے ہیں، جی 20 ممالک اور پوری دنیا کو اپنے تمام اہداف تک پہنچنے کے لیے یہ ضروری ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہتر کام کرتی ہے جب لڑکیاں اسکول جاتی ہیں’۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی اکتوبر 2012 میں اسکول وین میں فائرنگ کا نشانہ بنی تھیں جس کے بعد وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔

بعد ازاں انہیں 2014 میں نوبل انعام سے نواز گیا اور انہیں یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی کم عمر شخصیت کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ‘ملالہ فنڈ’ کے نام سے تنظیم کی بنیاد رکھی تھی اور انہوں نے کئی ممالک کے دورے کیے تھے۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے اپریل 2017 میں ملالہ یوسف زئی کو امن کا سفیر مقرر کردیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی نوبل پرائز کے علاوہ ورلڈ چلڈرن پرائز جیسے ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں