پشاور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈائریکٹر پبلک سروس کمیشن ہلاک

پشاور (ڈیلی اردو)صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈائریکٹر پبلک سروس کمیشن ارشد خان ہلاک ہوگیا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رنگ روڈ دوران پور کے قریب پیش آیا۔ پبلک سروس کمیشن کے شعبہ امتحانات کے ڈائریکٹر ارشد خان ولد حمداللہ چارسدہ سے پشاور ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے کہ دوران پور کے قریب انہیں نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔ جبکہ حادثے میں ڈرائیور معجزانہ طور پر بچ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے 2 عدد 30 بور پستول کے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکٹھا کرلیے، جس کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے ورثا کے آنے پر حقائق معلوم کرنے کے بعد باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں