اسلام آباد (ڈیلی اردو) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کرنے والوں سے نہ مذاکرات ہورہے ہیں نہ ہوں گے، آئین پاکستان کو نہ ماننے والوں سے کوئی بات نہیں ہوگی، پاکستان کا مؤقف مذاکرات کی بات کرنے والوں کو پہنچا دیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کا مشورہ دینے والوں کو بھی یہی مشورہ ہے کہ جن تنظیموں کے ہاتھ پاکستان کے عوام اور پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں کے خون سے رنگے ہوں اُن سے مذاکرات کیسے ہوسکتے ہیں؟
بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ یہ بھارتیوں کی خام خیالی ہے کہ کنٹرول لائن عبور کرنے پر انہیں پھولوں کے ہار پہنائیں جائیں گے، پاکستانی قوم جانتی ہے اپنا دفاع کیسے کیا جاتا ہے۔