مالی میں مسلح افراد کے گاؤں پر حملے میں 134 افراد ہلاک

بماکو (ویب ڈیسک) مغربی افریقا کے ملک مالی کے گاؤں پر مسلح افراد نے حملہ کر کے 134 سے زائد افراد کو ہلاک اور 55 کو زخمی کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی مالی کے شورش زدہ علاقے موپتی میں مسلح افراد نے حملہ کرکے 134 سے زائد افراد کو قتل کردیا جب کہ 55 افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ حملہ آوروں کا نشانہ نسلی گروہ فولانی کے افراد تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آور رات گئے گاؤں میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جب کہ جان بچا کر بھاگنے والے مقامی افراد پر گاؤں کے خارجی راستے میں چھپ کر بیٹھے حملہ آوروں نے تیز دھار چاقو سے وار کیا۔ حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے حملے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر شدید رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے، شورش زدہ علاقے میں اقوام متحدہ کا عملہ طبی امداد میں مشغول ہے۔ غربت و افلاس کے مارے رہائشیوں کو دہشت گردی کے عفریت کا سامنا بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں