ایران کارروائیاں: آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکروں پر امریکی فوج تعینات

واشنگٹن (ڈیلی اردو/اے پی/ڈی پی اے) مختلف بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کو اپنے قبضے میں لینے کے ایرانی اقدامات کے تناظر میں امریکہ ان تجارتی جہازوں پر اپنے فوجی تعینات کرنے پر غور کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ خلیج فارس سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں پر اپنے فوجی تعینات کرنے پر غور کر رہا ہے۔ اس اقدام کی وجہ تجارتی جہازوں پر قبضے کرنے کی حالیہ ایرانی کارروائیاں ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکی سیلرز اور میرینز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکرز پر تعینات کیا جائے گا۔ ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ اس اقدام کے ذریعے تجارتی بحری جہازوں کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بات اہم ہے کہ ایران ماضی میں بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائیوں کو مغربی ممالک پر جوہری مذاکرات سمیت متعدد امور پر دباؤ کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔

امریکی حکومتی ذرائع کے مطابق اس طرح آئل ٹینکرز کو اس سمندری گزرگاہ میں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ خلیج فارس ہی سے دنیا بھر کی تیل کی ضروریات کا پانچواں حصہ ترسیل ہوتا ہے۔

تاہم کہا جا رہا ہے کہ کسی جہاز پر امریکی فوجی تعیناتی کے لیے امریکی فوج کو دعوت درکار ہو گی۔ امریکی عہیدار کے مطابق، ”گو کہ ہم صرف دعوت ملنے پر ہی امریکی فوجی تعینات کریں گے، تاہم امریکہ اس وقت اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے تاکہ ایسی کسی بھی درخواست پر قدم اٹھایا جا سکے۔‘‘

اس عہدیدار سے جب یہ دریافت کیا گیا کہ کیا امریکی فوجی تعیناتی امریکہ اور ایرانی فورسز کے درمیان کسی جھڑپ کا باعث سکتی ہے تو اس عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر ایران ضوابط پر چلتا ہے اور بین الاقوامی پانیوں میں آزاد نیویگیشن کے عالمی قوانین کا احترام کرتا ہے تو دونوں فورسز کے درمیان کسی قسم کے تصادم کی صورت حال پیش نہیں آئے گی۔

دوسری جانب ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جب اس موضوع پر امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر اور قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی دونوں نے کسی بھی تبصرے سے انکار کیا۔

واضح رہے کہ امریکہ خطے میں اپنی عسکری موجودگی میں اضافہ کر رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ خلیج کے علاقے میں اپنے تین ہزار فوجیوں کے علاوہ ایک جنگی بحری جہاز اور ایف تھرٹی فائیو اور ایف سولہ طیارے پہنچا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں