کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بلوچستان: قلات میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو ایف سی اہلکار ہلاک ہوگئے۔#Kalat #Balochistan #Pakistan https://t.co/wuKm250kDq
— Shabbir Hussain Turi (@ShabbirTuri) August 8, 2023
سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ قلات کے علاقے جوہان کراس کے مقام پر پیش آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار ادویات اور سودا سلف لینے کے بعد واپس جارہے تھے کہ انہیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت نائیک ساجد احمد اور نائیک باچا رحمان خان کے نام سے ہوئی۔جبکہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی نعشوں کو ہستال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس و ایف سی کے سینئر افسران جائے وقوع پر پہنچے، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
ابتدائی طور پر فائرنگ کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم پولیس کے سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈیلی اردو کو بتایا کہ بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان جیئند بلوچ نے ڈیلی اردو کو ای میل کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آج شام کے وقت منگچر، جوہان کراس کے مقام پر بی ایل اے کے سرمچاروں نے موٹر سائیکل پر سوار قابض فوج کے دو اہلکاروں کو مسلح حملے میں نشانہ بناکر ہلاک کردیا۔
مذکورہ اہلکار جوہان کیمپ میں زخمی اہلکاروں کیلئے ادویات لیجا رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر سرمچاروں نے ان کو نشانہ بنایا۔