6

باجوڑ میں ونگ کمانڈر کی گاڑی پر خودکش حملہ، ایف سی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

خار (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے میں 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔

باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے لرخلوزو ہسپتال کے قریب ایف سی کے ونگ کمانڈر کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا۔

خودکش حملے میں 5 ایف سی اہلکار معمولی زخمی ہوگئے جبکہ حملے میں دو راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ستار خان کے مطابق خودکش بم دھماکا لرخلوزو ہسپتال کے قریب مین روڈ پر ہوا۔

ڈی ایس پی کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

گزشتہ ماہ 30 جولائی کو باجوڑ کے صدر مقام خار میں منعقدہ جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں خودکش دھماکا ہوا تھا، جس میں جے یو آئی خار کے امیر مولانا ضیااللہ جان اور تحصیل ناواگئی کے جنرل سیکٹری مولانا حمید اللہ سمیت 65 افراد ہلاک اور 123 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں