حکومت مخالف ٹرین مارچ: بلاول بھٹو کی زیرقیادت جیالوں کا قافلہ آج روانہ ہوگا

کراچی (ڈیلی اردو) پیپلزپارٹی حکومت مخالف کراچی تا راولپنڈی ٹرین مارچ کیلئے تیار ہے۔ پہلے مرحلے میں بلاول بھٹو کی زیرقیادت جیالوں کا قافلہ آج کراچی سے لاڑکانہ روانہ ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری 20 ریلوے اسٹیشنوں پر خطاب کریں گے۔

پیپلز پارٹی کا ٹرین مارچ آج صبح نو بجے بکروں کے صدقے کے بعد کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہو گا۔ آج رات کینٹ اسٹیشن پر لیوا ڈانس کیا جائے گا۔ صبح سات بجے کارکنان کو ریلوے اسٹیشن پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کینٹ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی کے کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے نے ٹرین مارچ کے انتظامات اچھے نہیں کیے۔ میں آج کینٹ اسٹیشن جائزہ لینے آیا تھا۔ پیپلزپارٹی کے ورکرز چیئرمین کا بھر پور استقبال کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو مزید مشکل میں ڈال رہی ہے۔ ہم نے ٹرین کے پیسے بھرے ہیں لیکن سہولت نہیں دی گئی۔ جب اسلام آباد میں ہی حاضری دینا ہے تو سندھ نیب کو بند کر دینا چاہیے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت سے کوئی بعید نہیں لیکن اگر کاروان بھٹو ٹرین مارچ میں کسی قسم کی خلل ڈالی گئی تو ہم ٹرین کو دھکا لگا کر بھی مارچ شروع کر دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کوٹری، حیدرآباد، نوابشاہ اور سکھر میں کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔ پی پی پی ٹرین مارچ ستائیس مارچ کو لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں