پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی، جبکہ یورپی یونین وفد کی نمائندگی اعلیٰ نمائندہ کار فریڈریکا موغرینی نے کی۔

اعلامیہ کے مطابق مذاکرات میں دوطرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی چیلنجز اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین کے تابع ہمہ گیریت کو مضبوط بنانے اورا سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر اتفاق کیا۔

اعلامیہ کے مطابق یورپی یونین نے غربت کے خاتمے، انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، گڈگورننس، قانون کی حکمرانی کی پاکستانی ترجیحات کا خیرمقدم کیا جبکہ پاکستان نے یورپی یونین کو پاکستان کی بہترسیکیورٹی صورتحال، تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

یورپین یونین وفد نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے نمایاں کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کی حمایت جاری رکھیں گے۔

یورپی یونین وفد نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عملدرآمد کے پاکستان کےعزم کا خیرمقدم کیا۔ پاکستان نے وفد کو خطے اور کشمیر کی حالیہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

یورپی یونین نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور تنازعات مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں