ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔ آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ بلوچستان کے ضلع لورا لائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورا لائی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا جو کہ کامیاب رہا۔ آپریشن میں دو خودکش حملہ آوروں سمیت 4 دہشت گردہلاک ہوئے ، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی میں ملوث تھےاور انہوں نے سنجاوی میں بھی 6لیویز اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔ 

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات ملنے پر آپریشن آج صبح کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز کے محاصرہ کرتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور دستی بم پھینک کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خود کش حملہ آوروں سمیت چاروں دہشت گردمارے گئے۔

کارروائی میں اسلحہ، خودکش جیکٹس ، بارودی مواد برآمد ہوا اور دوران آپریشن سنجاوی میں شہید لیویز اہلکاروں کےشناختی کارڈ بھی ملے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران چار سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئےہیں۔

اس کے علاوہ آئی ایس پی آرنے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں کا ماسٹرمائنڈ بھی شامل تھا، سیکیورٹی فورسز کے علاقے کو گھیرے میں لینے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی،دستی بموں کا استعمال کیا اور بھاگنے کی بھی کوشش کی۔

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں