ملک میں 10ہزار نئے یوٹیلٹی اسٹور کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد (عاطف عباس) مالی مشکلات سے دوچار یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

ملک میں 10 ہزار نئے یوٹیلٹی اسٹور کھولنے، اس کے ملازمین کی تعداد بڑھانے اور سالانہ سیل 120 ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف تجویز کردیا گیا۔

ہر بڑے ریلوے اسٹیشن پر ایک یوٹیلی اسٹور کھولنے کا منصوبہ ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے تحت ملک میں 85 ہائپر اور 150 سپر اسٹور بھی کھولے جائیں گے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ری اسٹرکچر نگ پلان پر آئندہ 3سے 5سال میں عمل درآمد کی تجویز دی گئی ہے۔

وزرات تجارت کے ذرائع کے مطابق مجوزہ پلان کے تحت ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹوزر کی مجموعی تعداد 15ہزار تک کر دی جائے گی۔

کارپوریشن کے ملازمین کی تعداد موجودہ ساڑھے چودہ ہزار سے بڑھا کر 50ہزار کرنے کی تجویز ہے۔

حکام کے مطابق موجودہ کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا بلکہ 30سے 35 ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔

پلان کے تحت کارپوریشن کی سیل پہلے مرحلے میں 120 ارب روپے اور دوسرے مرحلے میں سالانہ 600ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف تجویز کیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا ری اسٹرکچرنگ پلان منظوری کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور بعد میں وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں