اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ جنوری سے اب تک 24 خودکش حملے ہوئے جن میں 14 افغانیوں نے کئے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئَے بتایا کہ ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود اور تحفظ ہمارے لئے سب سے مقدم ہے، ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد یکم نومبر تک اپنے ملکوں میں چلے جائیں۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ جنوری سے اب تک 24 خودکش حملے ہوئے، 14 افغانیوں نے کئے، بارہ ربیع الاول کو ہنگو میں حملہ کرنے والے دہشت گرد افغانی تھے، افغان شہریوں کے حملوں میں ملوث ہونے کے تمام شواہد موجود ہیں۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ پاکستان میں افغان شہریوں کی کل تعداد 4 اعشاریہ 4 ملین ہے، جن کے پاس رجسٹریشن ہے ان کی تعداد 1 اعشاریہ 40 ملین جبکہ غیر رجسٹرڈ افغانیوں کی تعداد 1 اعشاریہ 73 ملین ہے۔ افغان کارڈ ہولڈر کی تعداد 0اعشاریہ 85 ملین ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ نظم و ضبط کو قائم کرتے ہوئے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، نظم و ضبط کو ہی اپنا کر ہم اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔