نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی مسلح گروپ کو اپنی سرزمین پر کام نہیں کرنے دے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی داخلی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی، صوبائی وزرا، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی اور وفاقی سیکرٹریوں سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی داخلی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا جب کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی گئی اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک ہونے والی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ مدارس میں اصلاحات کے حوالےسے بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پرعزم ہے، نیشنل ایکشن پلان پوری قوم کی امنگوں کی ترجمانی اور تمام سیاسی جماعتوں کا متفقہ پلان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے پاکستان نے انسانی جانوں اور املاک کانقصان برداشت کیا، پاکستان کسی مسلح گروپ کو اپنی سرزمین پر کام نہیں کرنے دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں