ملک میں بیٹھ کر دشمن کی بولی بولنے والے قبلہ درست کرلیں: وفاقی وزیر شہریار آفریدی

کراچی (نیوز ڈیسک) شہریار آفریدی کا کہنا ہے ملک میں بیٹھ کر دشمن کی بولی بولنے والے قبلہ درست کرلیں، اب کوئی پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکے گا، ریاست اب سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

وزیر مملکت شہریار آفریدی نے سندھ رینجرز کے 26 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سندھ رینجرز کی کوششوں سے کراچی میں امن قائم ہوا، دنیا اب پاکستان کا موقف سن رہی ہے، کراچی کو اب کوئی ٹیلی فون سے کنٹرول نہیں کرسکتا، پاکستان کیخلاف بولنے والے سن لیں انہیں عبرت کا نشانہ بنا دیا جائے گا، جمہوریت کا نام لینے والے بھی سن لیں ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا بیرونی کوششوں سے ہمارے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، کراچی کے امن کیلئے رینجرز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، کراچی کی روشنیاں اور امن بحال ہوچکا ہے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا سندھ رینجرز نے گزشتہ 5 سال میں 16 ہزار سے زائد آپریشن کیے، رینجرز نے سرحدوں کی حفاظت اور کراچی میں دہشتگردی کیخلاف کردار ادا کیا، رینجرزکی کاوشوں سے کراچی آج معاشی حب بن گیا، شہر میں امن کی تازہ مثال آئیڈیاز اور پی ایس ایل میچز ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، رینجرز نے 12 ہزار سے زائد دہشتگرد گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیے، اب کوئی بھی پاکستان کے باہر سے یہاں کے نظام کو مفلوج نہیں کرسکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں