پشاور (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پاراچنار کے نواحی علاقے بوشہرہ میں پیش آیا پہلے سے تاک میں بیٹھے نامعلوم مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
ہلاک ہونے والوں میں معین خان اور طیب نامی نوجوان شامل ہے جبکہ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
ادھر مقامی لوگوں نے کرم میں دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافے کیخلاف صدہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ وسطی کرم میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جس میں دو روز قبل ہونے والے بم دھماکے میں ملوث کمانڈر سمیت تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ دھماکے میں قربانی کے جانور خریدنے کے جانے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔