عالمی پابندیاں، کوئٹہ میں ایرانی سفارتخانے کا آفیشل بینک اکاؤنٹس بند

کوئٹہ (ڈیلی اردو) عالمی دباؤ کے پیش نظر کوئٹہ میں قائم ایرانی سفارت خانے کا آفیشل بینک اکاؤنٹ بند کردیاگیا ، فیصلے سے ایران جانے والے زائرین ، کاروباری حلقوں میں شدید تشویش ، کوئٹہ میں متعین ایرانی حکام اور بینک عملے نے اکاؤنٹ بند ہونے کی تصدیق کرتے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔

کوئٹہ میں متعین عملے کا اسلام آباد سفارتخانے سے رابطے ، پاکستان کے ساتھ معاملے پر بات کرنے کا فیصلہ ،واضح رہے کہ کوئٹہ میں ہمسایہ ملک ایران کے قائم سفارتخانے کا آفیشل اکاؤنٹ حبیب بینک لمیٹڈ میں قائم تھا ویزے کے حصول اور دیگر مدات میں فیسیں اسی اکاؤنٹ میں جمع ہوتی تھیں تاہم گزشتہ روز مذکورہ بینک اکاؤنٹ اچانک سے بند کردیاگیا ۔

آن لائن نیوز کے رابطہ کرنے پر کوئٹہ میں قائم ایرانی قونصل خانے کے حکام نے اکاؤنٹ بند ہونے کی تصدیق کی تاہم مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا دوسری جانب آن لائن نیوز کے رابطہ کرنے پر حبیب بینک کمپلیکس ریجنل ہیڈ کوارٹر کے عملے نے ایرانی سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ کو بند کرنے کی تصدیق کی اور نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اکاؤنٹ ایک دم سے بند نہیں کیا گیا بلکہ سفارتخانے کو اس سے قبل دو نوٹسز بھیجے گئے تھے ۔

جن کے خاطرخواہ جواب نہیں ملے اور مجبورا گزشتہ روز بینک انتظامیہ نے اکاؤنٹ بند کردیا مذکورہ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ یو این سیکورٹی کونسل کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کے پیش نظر کیا گیا اس حوالے سے سیکورٹی کونسل کی مرتب کردہ فہرست میں ایران کے علاوہ شمالی کوریا ، شام اور برما بھی شامل ہیں ۔

قونصل خانے کے آفیشل اکاؤنٹ کے ساتھ ساتھ بینک نے قونصل خانے کے دیگر تما م ملازمین کے اکاؤنٹ بھی بند کردیئے ہیں جو کوئٹہ میں قائم ایرانی سفارتخانے میں ملازمت کرتے ہیں بینک حکام کے مطابق یہ ایک حساس نوعیت کا معاملہ ہے جس کی زیادہ تفصیلات نہیں دی جاسکتیں تاہم اکاؤنٹ بند کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے عالمی پابندیوں کو پیش نظر رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس فیصلے سے امپورٹرز ایکسپورٹرز اور ایران جانے والے زائرین اور ان لوگوں کی مشکلات بڑھ جائیں گی جو ایرانی ویزے کے لئے اپلائی کرتے ہیں بینک ذرائع کے مطابق اب ایران جانے کے خواہش مند افراد کوکوئٹہ کی بجائے کراچی ، اسلام آباد اور لاہور میں قائم قونصل خانوں سے رجوع کرناپڑے گا ۔

ایرانی سفارتخانے کے ذرائع کے مطابق وہ نقد فیس وصول نہیں کرسکتے اور اگر اکاؤنٹ بحال نہیں ہوتا تو کوئٹہ میں ویزے کی فیسوں کی وصولی ناممکن ہوگی مذکورہ ذرائع کے مطابق قونصل خانے کے حکام نے اس معاملے پر اسلام آباد میں متعین ایرانی حکام سے بات کرلی ہے اور اس معاملے کو پاکستان کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں