لکی مروت (ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کے نواحی گاؤں دبک مندرہ خیل میں نامعلوم افراد نے سب انسپکٹر غلام محمد خان کے حجرے کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ سب انسپکٹر غلام محمد خان لکی مروت پولیس کے امن پاسون کے سرکردہ رہنما اور کمیٹی ممبر ہیں۔ دھماکہ رات کے وقت ہوا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ سب انسپکٹر تھانہ سرائے نورنگ میں تعینات ہیں اور ان کے حجرے میں کوئی موجود نہیں تھا۔
سب انسپکٹر غلام محمد خان نے حملے کو پولیس ملازمین کے احتجاج کو ناکام بنانے اور انہیں خوف دلا کر مطالبات سے ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ کارروائی پولیس کے احتجاجی عمل کو کمزور کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ لکی مروت میں محکمہ پولیس کے ملازمین گزشتہ چار روز سے احتجاج کر رہے ہیں۔ پولیس ملازمین پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں، جس کے باعث کئی کلومیٹر دور تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
پولیس کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔