خیبر پختونخوا میں دہشتگردی: وفاقی حکومت جرگہ تشکیل دے کر افغانستان سے بات چیت کرے، علی امین گنڈاپور

پشاور (ڈیلی اردو/بی بی سی ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں بڑھتی دہشتگردی کے تناظر میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت جرگہ تشکیل دے کر پڑوسی ملک افغانستان سے بات چیت کرے۔

علی امین گنڈاپور نے یہ بات جمعرات کی رات پشاور میں تعینات افعان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکی سے ملاقات کے دوران کی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے دونوں اطراف کے لوگ مشکلات سے دوچار ہوئے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے مزید کہا کہ علاقائی امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے اور ضرورت ہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت اس سلسلے میں جرگہ تشکیل دے کر پڑوسی ملک کے ساتھ بات چیت کرے۔

واضح رہے کہ اس سے دو روز قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انھوں نے ایپکس کمیٹی میں بتایا کہ پولیس اور عوام کا اعتماد ختم ہو چکا لہذا افغانستان سے بات کرنے دی جائے لیکن کسی کو پرواہ ہی نہیں۔‘

علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ وہ افغانستان سے خود براہ راست بات کریں گے کیونکہ صوبے کے عوام کی زندگیاں بچانا وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

افعان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ترقی کے لیے امن و امان بنیادی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں