پختون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں کی باجوڑ میں داخلے پر پابندی لگائی جائے: قبائلی عمائدین

خار (نیوز ڈیسک) ضلع باجوڑ کی تاجر برادری نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پختون تحفظ مومنٹ نے باجوڑ میں جلسہ کرنے کی کوشش کی تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔

ہفتے کے روز تاجر برادری کے صدر حاجی خان بہادر ، عنایت کلے تاجر برادری کے صدر حاجی محمد زمان ، پھاٹک بازار کے صدر حاجی اکبر جان ، حاجی محمد شعیب ، خان گل ، حاجی امیر رحمن ، اصغر خان ، حاجی نعیم اللہ ، حاجی صاحب زادہ ، اسماعیل اور دیگر نے کہا کہ باجوڑ میں کافی عرصہ بعد مکمل امن قائم ہواہے اور امن کے قیام کیلئے یہاں کے قبائلی عمائدین مشران ، لوگوں اور سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لئے آپریشنز میں باجوڑ کے تاجروں کا بیش بہا نقصان ہوا تاہم ان کے لئے کسی نہ آواز نہ اٹھائی، اب پختون تحفظ موومنٹ کے رہنماء یہاں آکر جلسہ جلوس کروانے کی کوشش کرتے ہیں جس سے ایک بار پھر حالات خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

تاجر برادری کے صدر حاجی خان بہاد ر نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پختون تحفظ مومنٹ کے رہنماؤں کی باجوڑ میں داخلے پر پابندی لگائی جائے، ہم کسی صورت ان کا داخلہ باجوڑ میں برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع باجوڑ میں حالات کی تمام تر خرابی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

انہوں نے دھمکی دی کہ اگر پختون تحفظ موومنٹ نے یہاں جلسہ کرنے کی کوشش کی تو ہم سخت احتجاج کریں گے۔

یاد رہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ کے ترکھانی اور اتمانخیل قبائل کے مشران نے بھی پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم ) کے رہنماؤں کے ضلع میں داخلے کی مخالفت کی ہے۔

باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترکھانی اور اتمانخیل قبائل کے مشران ملک شاہین، ملک فدا اتمانخیل، و دیگر کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں کافی عرصہ بعد مکمل امن قائم ہواہے جس کیلئے مقامی عمائدین، مشران، عوام اور سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں لیکن اب پختون تحفظ موومنٹ یہاں جلسہ جلوس کروانے کی کوشش کرتی ہے جس سے ایک بار پھر حالات خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

مشران نے کہا کہ پہلے بھی اس طرح تحریکیں شروع ہوئیں ابتداء میں جنہوں نے اچھے کام کروائے جس کیوجہ سے سادہ لوح عوام دھوکہ میں آگئے اور حالات خراب ہوئے جس کی زندہ مثال تحریک طالبان کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں