26

غزہ میں سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں 28 افراد ہلاک، 54 زخمی، ہلالِ احمر

غزہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) فلسطینی ہلالِ احمر کا کہنا ہے کہ غزہ کے علاقے دیر البلاح میں واقع ایک سکول پر فضائی حملے میں 28 افراد ہلاک اور 54 زخمی ہوگئے ہیں۔

فلسطینی ہلالِ احمر کا کہنا ہے کہ فضائی حملہ اس کے ہیڈکوارٹر کے قریب واقع رفیدہ سکول پر ہوا ہے، جہاں ان کی ایمرجنسی ٹیمیں طبی امداد کے لیے پہنچی ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انھوں نے دیرالبلاح میں ’دہشتگردوں کے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر‘ پر حملہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کمانڈ اینڈ کنٹرول ایک ایسے کمپاؤنڈ میں واقع تھا جو ماضی میں رفیدہ سکول تھا، اسے دہشتگرد اسرائیلی فوج اور اسرائیلی کے خلاف حملوں اور اس کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کر رہے تھے۔‘

ماضی میں حماس تردید کر چکی ہے کہ وہ سکولوں اور عام شہری عمارتوں کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرتی۔

اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ ’عام شہریوں کے نقصان کے خطرے کو کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات لیے گئے تھے، بشمول فضائی نگرانی اور اضافی انٹیلی جنس کو استعمال کرنے کے۔‘

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکول کے دو کمروں کو دو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا اور ان کمروں میں بےگھر افراد موجود تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں کھانے پینے کی اشیا اور بچوں کا دودھ وغیرہ بھی موجود تھا جسے بےگھر ہونے والے افراد میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں