24

اردن میں اسرائیلی سفارت خانے پر فائرنگ، حملہ آور ہلاک، تین اہلکار زخمی

عمان (ڈیلی اردو/پیٹرا/رائٹرز/وی او اے) اردن میں اسرائیل کے سفارت خانے کے نزدیک فائرنگ کے بعد ایک مسلح شخص ہلاک اور تین پولیس اہل کار زخمی ہوئے ہیں۔

اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی پیٹرا نے بتایا ہے کہ اتوار کو دارالحکومت عمان کے علاقے رابیہ میں گشت کرنے والے پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو جوابی فائرنگ میں ہلاک کردیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے نزدیکی علاقے میں فائرنگ کی آواز سننے کے بعد اسرائیلی سفارت خانے کو گھیرے میں لے لیا تھا جہاں پہلے ہی سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری موجود تھی۔

دو عینی شاہدین نے بتایا کہ پولیس کی گاڑیاں اور ایمولینسز کو رابیہ کی جانب جاتے دیکھا گیا ہے جہاں اسرائیلی سفارت خانے کی عمارت موجود ہے۔

یہ علاقہ اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ اردن میں غزہ جنگ کے خلاف بعض بہت بڑے پر امن احتجاج منعقد ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس نے مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے تلاشی کی ہے اور مقامی رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اردن میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد ایسے ہیں جو فلسطینی پس منظر رکھتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو خود یا ان کے والدین 1948 میں اسرائیل کے قیام کے دوران ہونے والی لڑائی میں اردن منتقل ہوگئے تھے۔

ان میں سے کئی افراد کے رشتے دار دریائے اردن کے پار اسرائیل میں رہتے ہیں۔

اردن کا اسرائیل کا ساتھ امن معاہدہ کئی شہریوں میں مقبول نہیں ہے اور وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو فلسطینیوں کے حقوق سے بے وفائی سمجھتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں