امریکی وزیر خارجہ نے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کو دہشت گرد قرار دیدیا

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم القدس بریگیڈ کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے انخلاء کے بعد سے مسلسل ایران اور ایرانی شخصیات پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ کمانڈر قاسم سلیمانی کو دہشت گرد قرار دے دیا۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ القدس بریگیڈ کے کمانڈر قاسم سلیمانی اور ان کی فورس کے ہاتھوں پر امریکیوں کا خون ہے اور امریکا نے ہر اس تنظیم، ادارے یا فرد کے تعاقب کا مصمم ارادہ کر لیا ہے اور قاسم سلیمانی و پاسداران انقلاب کا تعاقب اس طرح کیا جائے گا جیسے کسی دہشت گرد تنظیم کا کیا جاتا ہے۔

پومپیو کا کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم کا درجہ دینے سے امریکیوں کی جانوں کو تحفظ ملے گا اور مشرق وسطی میں زیادہ امن و استحکام پیدا ہو گا۔

انہوں نے زور دیا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کو کمزور کیے بغیر مشرق وسطی میں سلامتی، امن اور استحکام کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا ایرانی نظام نہ صرف دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے بلکہ وہ خود دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے، پاسداران انقلاب لبنان میں حزب اللہ کی حمایت کرتی ہے۔

مائیک پومپیو کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب اپنی تاسیس کے بعد سے دنیا بھر میں دہشت اور انارکی پھیلاتی رہی ہے۔ امریکا سپاہ پاسداران انقلاب کے ساتھ حماس اور حزب اللہ جیسی ملیشیاؤں والا معاملہ کرے گا۔

وزیر خارجہ پومپیو نے کہا کہ پاسداران انقلاب پوری دنیا میں ہلاکتوں اور قتل و غارت کی کارروائیوں کی ذمے دار ہے۔ علاوہ ازیں وہ عراق، لبنان اور شام میں بھی دہشت گردی کو سپورٹ کر رہی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب حکمراں نظام کے نام پر ایرانی عوام کو کریک ڈاؤن کا نشانہ بنا رہی ہے اور عوام کی دولت کو لوٹ رہی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ طے شدہ ایٹمی معاہدے نےعلیحدگی کے بعد ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی تھیں جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل گشیدگی میں‌ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب گزشتہ روز ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ملک کے ریاستی ادارے کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے بھی امریکی اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا افواج کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں