واشنگٹن (ش ح ط) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر شدت پسندوں کے حملے میں 6 اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب شکتوئی کے علاقے راغزائی میں سیکیورٹی فورسز کے جناتہ کیمپ پر شدت پسندوں کے حملے میں 6 اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر سوموار اور منگل کی درمیانی شب حملہ کیا جب کہ حملے میں جدید خودکار ہتھیار استعمال کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں کئی حملہ آور بھی مارے گئے۔ جبکہ کیمپ کے قریب ایک حملہ آور کی لاش بھی ملی ہے۔
کیمپ پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر نے تاحال اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔