اسلام آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 افغانوں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
ڈیلی اردو کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تحصیل میران شاہ کے نواحی گاؤں ٹپی میں مخصوص مقام پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملے میں 4 شدت پسند مارے گئے، جن کی شناخت بعد میں ریاض عرف مہاجر، ضرار افغان، نقیب اللہ افغان اور سرکش افغان کے نام سے ہوئی، 3 دیگر زخمی بتائے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گردوں کو آپریشن کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے بعد خفیہ ٹھکانے میں آگ بھڑک اٹھی اور کچھ لاشیں اس قدر مسخ ہوگئیں کہ وہ ناقابل شناخت ہوچکی تھیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کی رات دیر گئے تک اس آپریشن کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔