کوہاٹ: سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ

کوہاٹ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کلین اپ کیا، جس کے دوران مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

پولیس کے مطابق شواکئی، تخت کلے اور پلوسی بانڈہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا گیا، تاہم اہم کمانڈر کلیم اللّٰہ اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کھانے پینے کا سامان چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے جبکہ ان کے زیر استعمال باقیات بھی ملی ہیں۔ آپریشن کے دوران شرپسندوں کی عارضی کمین گاہوں کو آگ لگا کر تباہ کر دیا گیا۔

پولیس حکام نے واضح کیا کہ علاقے میں قانون کو چیلنج کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے مسمار کرکے ہی دم لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کلین اپ کا مقصد شرپسند عناصر کا مکمل خاتمہ اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں