‏دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام تک رسائی معطل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک، اس کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام اور میسیجنگ ایپ واٹس ایپ کی سروسز دنیا کے مختلف ممالک میں اچانک بند ہوگئیں جس کے نتیجے میں متعدد صارفین کو پوسٹ اپ لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز تکنیکی مسائل کی وجہ سے دنیا بھر میں متاثر ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

ابتدائی طور پر سروس متاثر ہونے پر صارفین جیسے ہی فیس بک پر کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر کرنے کی کوشش کرتے تو سروس میں ایرر آتا اور صارف کو پیغام ملتا کہ آپ اس وقت تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کرسکتے، بعد ازاں انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز بھی معطل ہوگئیں۔

واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے اور موصول ہونے کا سلسلہ متاثر ہوا ہے۔

سیکڑوں صارفین فیس بک اور دیگر سروسز متاثر ہونے سے متعلق ٹوئٹر پر رپورٹ کررہے ہیں۔

دنیا بھر میں سماجی روابط کی ویب سائٹس متاثر ہونے کے بعد ٹوئٹر پر فیس بک ڈاؤن، انسٹاگرام ڈاؤن اور واٹس ایپ ڈاؤن کے ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہے ہیں۔

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز امریکا، یورپ اور ایشیا کے اکثر ممالک میں متاثر ہوئی ہیں۔

اس سے قبل فیس بک، انسٹاگرام اور میسینجر کی سروسز 13 مارچ کو تکنیکی مسائل کے باعث بند ہوئی تھیں۔

یہ مسئلہ شام 5 بجے شروع ہوا اور بتدریج دنیا بھر میں پھیل گیا بلکہ کچھ مقامات پر تو ‘ٹوٹل بلیک آﺅٹ’ جیسی صورتحال سامنے آئی تھی۔

گزشتہ سال نومبر 2018 میں بھی فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہوئی تھیں لیکن مکمل طور پر بند نہیں ہوئی تھیں بلکہ کچھ فیچرز کام کرتے رہے تھے، صارفین کو ویب سروس لوڈ کرنے میں ناکامی ضرور ہوئی تھی مگر ایپ کام کررہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں