پاکستان نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور اسے شکست دی: صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور اسے شکست دی اور اسلام اور دہشت گردی کی غلط تشریح کو بھی غلط ثابت کیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ چوتھی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے جب کہ اسلام کا پیغام ہمدردی اور مساوات ہے جب کہ پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جس نے بتایا کہ ہمدردی کیا ہوتی ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا، اور اسے شکست دی اور اسلام اور دہشت گردی کی غلط تشریح کو بھی غلط ثابت کیا ہے ، پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جب کہ دنیا ہماری فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک طویل عرصے تک لاکھوں افغان پناہ گزینوں کو پناہ فراہم کرکے صلہ رحمی اور بھائی چارے کا اصل مطلب واضح کیا ہے،پاکستان نے 35 لاکھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی اوراب ا ن کی تیسری اورچوتھی نسل بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہے، بعض ممالک مصیبت زدہ مہاجرین کیلئے دیواریں کھڑی کر رہے ہیں لیکن ہم نے افغان مہاجرین کو کھولے دل کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

اس سے قبل کانفرنس کے آغاز میں امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداللہ عواد نے قرآن پاک کی تلاوت کی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر نور الحق قادری اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام بھی کانفرنس میں شریک تھے۔

پیغام اسلام کانفرنس سے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے خطاب کرتے ہویے کہا کہ ہماری ذمہ داری اور فرض ہے کہ عوام میں اتفاق اور اتحاد قائم کریں۔ کلین اینڈ گرین پاکستان صرف عمران خان کی نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام کعبہ کے باعث تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام ایک چھت تلے اکٹھے ہوئے ہیں، مسلم امہ کو اتفاق اور اتحاد کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں