Notice: Undefined variable: forward in /home/dailyurd/public_html/wp-content/plugins/stylo-core/stylo-core.php on line 78

Notice: Undefined variable: remote in /home/dailyurd/public_html/wp-content/plugins/stylo-core/stylo-core.php on line 84

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی میں غیر معمولی اضافہ، انڈیا براہ راست ملوث ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے حملوں کی صورت میں پاکستان کی مسلح افواج نے زمین، فضا، سمندر اور سائبر اسپیس میں مربوط جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ان اہداف میں بھارت کے مختلف علاقوں میں قائم بریگیڈ کمانڈ مراکز، میزائل ذخائر، اور فائرنگ کے مراکز شامل تھے، جن میں صورت گڑھ، اونتی پورہ، اودھم پور، سری نگر، جموں، امبالا، پٹھان کوٹ، نالیہ، بٹھنڈہ اور دیگر مقامات پر واقع تنصیبات شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے الزام لگایا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر کیے جانے والے حملوں میں بیاس اور نگروٹا میں موجود براہموس میزائل کے ذخائر استعمال کیے گئے، جنھیں پاکستانی افواج نے ہدف بنا کر تباہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کی نشہرہ کی 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، کیونکہ یہ وہ مراکز ہیں جہاں سے بلااشتعال فائرنگ کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا جواب انتہائی درست، متوازن اور محدود نوعیت کا تھا، تاہم جب کبھی پاکستان کی خودمختاری یا سرحدوں کی خلاف ورزی کی گئی تو ردعمل فیصلہ کن اور جامع ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب مشرقی سرحد پر پاک فوج بھارتی اشتعال انگیزیوں کا جواب دے رہی تھی، تو اسی دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جو ان کے مطابق بھارت کی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کا ثبوت ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتا ہے اور افواج پاکستان ہمہ وقت ملکی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں