راولپنڈی (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کے تحت پاکستانی افواج نے زمین، فضا، سمندر اور سائبر اسپیس میں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کے 26 اہم فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
راولپنڈی میں پاکستان ایئرفورس اور نیوی کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے قوم سے کیا ہوا دفاع کا وعدہ نبھایا، جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت کے جن اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں صورت گڑھ، سرسہ، بجھ، آدم پور، اونتی پورہ، اودھم پور، نالیہ، برنالا، بٹھنڈہ، الواڑا، سری نگر، جموں، مامون، امبالا، پٹھان کوٹ اور دیگر مقامات شامل ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ بیاس اور نگروٹا میں واقع براہموس میزائل کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو پاکستانی شہریوں پر حملوں میں استعمال کیے گئے تھے۔ ان کے مطابق ان حملوں میں بھارت کا اڑی نیٹ ورک سسٹم اور پونچھ ریڈارز بھی تباہ کیے گئے، جبکہ دو مقامات پر بھارت کے S-400 ایئر ڈیفنس سسٹمز کو بھی کامیابی سے ہدف بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کنٹرول لائن پر ان بھارتی مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا جو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں معصوم شہریوں پر فائرنگ کے ذمہ دار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام حملے انتہائی مہارت سے کیے گئے تاکہ عام شہری متاثر نہ ہوں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دعویٰ کیا کہ یہ آپریشن نیٹ ورک سینٹرک وار فیئر، ملٹی ڈومین آپریشنز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ انجام دیا گیا، جس میں پاکستان کی تینوں افواج نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم پوری قوم، خاص طور پر نوجوانوں اور سائبر محاذ پر سرگرم رضاکاروں کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے مشکل وقت میں ہمارے حوصلے بلند کیے۔‘
انہوں نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر افواج پاکستان کا ساتھ دیا۔
ترجمان پاک فوج نے وزیرِاعظم اور کابینہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت رہنمائی نے ملک کو نازک موڑ پر درست سمت دی۔
یاد رہے کہ اس پریس کانفرنس سے چند گھنٹے قبل بھارتی ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ڈرونز نے بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں ناکام بنایا گیا، اور یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ بہاولپور اور مریدکے کے مبینہ ’ٹریننگ کیمپس‘ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔