کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں،طوفانی بارش کا امکان

کراچی (ویب ڈیسک) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں، جس سے ماحول میں حبس بڑھ گیا، بارش کے بھی امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگی ہیں، اس سے کچھ دیر قبل محکمہ موسمیات نے پیر کو مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے سندھ کے مختلف علاقوں بشمول کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

تاہم کراچی کے علاقوں گلشن اقبال، حسن اسکوائر، سائٹ ایریا، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی اور ایئر پورٹ کے اطراف گرد آلود ہوائیں ابھی سے چلنے لگی ہیں۔

شارع فیصل، ابولحسن اصفہانی روڈ، نیپا، لیاقت آباد، جیل روڈ، طارق روڈ اور گرو مندر کے اطراف بھی تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں۔

قبل ازیں ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا تھا اتوار کی رات بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ اور پنجاب سمیت کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں