کراچی (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان رینجرز (سندھ) اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) سے تعلق رکھنے والے تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں نعمت اللہ، نور محمد اور صابر اللہ شامل ہیں، جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق دہشتگرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں انہیں گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
گرفتار دہشتگرد افغانستان سے عسکری تربیت یافتہ ہیں اور شہر میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری میں ملوث رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان کا تعلق TTP کے رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے ہے، جو بھارت کی پشت پناہی سے پاکستان میں سرگرم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھی بھارت اسپانسرڈ دہشتگردوں نے اسکول بس پر حملہ کیا تھا، جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
سیکیورٹی اداروں نے ملک بھر میں الرٹ جاری کر رکھا ہے اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔