حیات آباد: دہشت گردوں کیخلاف 15 گھنٹوں سے جاری آپریشن مکمل، 5 دہشت گرد مارے گئے

حیات آباد (ڈیلی اردو) دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، آپریشن میں پولیس ایک اہلکار شہید جبکہ 2 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ 5 دہشتگرد بھی مارے گئے۔

وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حیات آباد میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مکمل کرلیاگیا ہے۔سیکیورٹی فورسز کا پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 کے ایک مکان میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ 15 گھنٹوں سے جاری آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے حیات آباد فیزسیون کے سیکٹر ٹین کے گھر میں دہشتگردوں کی موجودگی کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔ جس میں دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے نیتجے میں 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ اے ٹی ایس کا ایک جوان قمر عالم شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق پاک فوج اور ایس ایس جی کمانڈوز نے آپریشن میں حصہ لیا۔ آپریشن کو مکمل کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے نئی حکمت عملی اپنائی جس کے تحت مکان میں چھپے دہشت گردوں کی صحیح معلومات اور ٹھکانے کی نشاندہی کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے مکان کی بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کو کلیئر کرالیا جبکہ اطراف کے گھروں کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔ اس موقع پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مظہر شاہین نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور آپریشن کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

انکا کہنا تھا کہ جوانوں نےبہترین حکمت عملی سے عوام کی حفاظت یقینی بنائی ہے۔ انہوں نے جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حیات آباد میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مکمل کرلیاگیا۔ مکان کو کلیئر کیا جارہا ہے جس کے بارے میں 15 منٹ بعد آگاہ کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں