وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کردیا، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسد عمر کے استعفے سے شروع ہونے والی خبروں‌ کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا، وزیر اعظم ہاؤس نے اہم بیان جاری کر دیا، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کر دیے گئے.

وزیر اعظم آفس کے مطابق فواد چوہدری کو سائنس و ٹیکنالوجی کا قلم دان دیا گیا ہے، غلام سرور کو ایوی ایشن کی وزارت دی گئی، جب کہ میاں محمد سومرو سے ایوی ایشن کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا.

اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا، شہریار آفریدی سیفران کے وزیر مملکت ہوں گے، اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کا قلمدان دےدیا گیا، جب کہ اسد عمر کی جگہ فی الحال عبدالحفیظ شیخ مشیر خزانہ مقرر کیے گئے ہیں.

فردوس عاشق اعوان وزارت اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی مقرر کی گئی ہیں، ظفر اللہ مرزا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت مقرر کیا گیا ہے.

خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تحریک انصاف کے رہنما نے آج ایک ٹویٹ کیا، جس میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب کابینہ میں کوئی وزارت اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔

ٹویٹر پیغام میں انھوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل کے عمل میں وزیراعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں۔ تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

اس استعفے کے بعد وزیر اعظم ہاؤس میں کئی اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن کے نتیجے میں کابینہ میں اہم تبدیلیاں سامنے آئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں