روس کا امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے میں وینزویلا اور کیوبا کی مددکا اعلان

روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ماسکو امریکا کی جانب سے وینزویلا اور کیوبا پر عائد پابندیوں کو غیر قانونی شمار کرتا ہے‘ اس واسطے وہ کراکس اور ہوانا میں اپنے حلیفوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے میامی میں اپنے خطاب کے دوران کیوبا اور وینزویلا کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو اور ان کو سپورٹ کرنے والے ممالک پر دباو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔امریکا کا کہنا ہے کہ وہ وینزویلا کے ساتھ امریکا کے ہر قسم کے لین دین کو روک دے گا اور اپنے پاس وینزویلا کے مرکزی بینک اور وینزویلا کے صدر کے کسی بھی اثاثے کو منجمد کر دے گا۔ علاوہ ازیں امریکیوں کے کیوبا سفر پر بھی قیود لگائی جائیں گی اور اس جزیرے کو منتقل کی جانے والی رقم پر حد لگائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں