وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا پارا چنار میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان

پارا چنار (رپورٹ: ہدایت علی پاسدار) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پاراچنار کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے صحت کارڈ کا اجراء کیا اور میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا وزیر اعلیٰ محمود خان نے پاراچنار ڈسٹرکٹ ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور ڈاکٹروں کی کمی پورا کرنے کا بھی اعلان کیا۔

پاراچنار میں قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے لئے دس سالہ ترقیاتی پیکج کی تیاری پر کام جاری ہے قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل پر تمام فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری بھی جلد ہمارے کارواں میں شامل ہوجائے، محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں، انضمام کا لفظ آج سے ختم ہونا چائیے اب قبائلی اضلاع خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاراچنار ائر پورٹ کی توسیع اور پروازیں شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان آسامیوں پر مقامی لوگوں کو تعینات کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی چاہتا ہے اور عنقریب وہ ضلع کرم کا بھی دورہ کریں گے جرگہ سے وزیر اعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر نے بھی خطاب کیا وزیر اعظم کے مشیر افتخار درانی، کمشنر کوہاٹ سید جبار شاہ، ڈی آئی جی کوہاٹ بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سینیٹر سجاد طوری اور ایم این اے ساجد طوری کے علاؤہ پی ٹی آئی ضلع کرم کے سید اقبال میاں اور پاک آرمی کے بریگیڈیئر اختر علیم بھی جرگہ میں موجود تھے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار جاکر نئے قائم ہونے والے ٹراما سنٹر کا معائنہ کیا اور لوگوں کو صحت کارڈ تقسیم کرتے ہوئے ضلع کرم میں صحت کارڈ کے اجراء کا آغاز کیا۔

اس موقع پر اجمل وزیر مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا صوبائی حکومت نے قانون سازی کرکے اٹھائیس ہزار لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں شامل کردیا ہے اور ہم کسی کو بے روزگار نہیں کرینگے تاہم پرانے روش پر چلنے والے اور عوام کو تنگ کرنے والے سرکاری آفسران کو بالکل معاف نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہر کارڈ ہولڈر کو سالانہ سات لاکھ بیس ہزار روپے کا علاج ملے گا۔

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ساجد طوری اور سینیٹر سجاد حسین طوری نے بھی خطاب میں علاقے کے مسائل کا ذکر کیا اور ہیلتھ اور ایجوکیشن سمیت سرکاری محکموں میں سٹاف کی کمی، شہری علاقوں کیلئے پانی کی کمی پورا کرنے کیلئے جامع سکیموں کا مطالبہ کیا جبکہ ٹل پاراچنار روڈ کی تعمیر نو اور کشادگی پر زور دیا، پی ٹی ائی ضلع کرم کے صدر سید اقبال میں نے وزیر اعظم کو خوش امدید کہا اور علاقے کے مسائل سے اگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں