شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، 3 سیکیورٹی اہلکار شہید، ایک شدید زخمی

میران شاہ (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں 3 لیویز اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں لیویز چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا جس میں 3 لیویز اہلکار شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق بارودی مواد چیک پوسٹ کے قریب نصب کیا گیا تھا، دھماکے میں شہید اہلکاروں کی شناخت امیر زمان، عبدالولی اور نامبوت خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ شہید و زخمی اہلکار مقامی بتائے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں بارودی مواد کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ رزمک سب ڈویژن کی تحصیل دوسلی علاقے گڑیوم میں اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی اہلکار سرچنگ میں مصروف تھے۔ گزشتہ روز دھماکے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم حزب الاحرار نے قبول کرلی ہے۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع زیارت میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جہاں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 لیویز کے اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بلوچستان کے ضلع زیارت میں لیویزچیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 اہل کار شہید ہوگئے۔ ڈی سی زیارت قادر بخش پرکانی کے مطابق زیارت میں لیویز کی چیک پوسٹ پرنامعلوم ملزمان نےحملہ کر دیا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 لیویز اہلکار شہید ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا کہ واقعہ زیارت کے علاقے سنجاوی کی لعل کٹائی چیک پوسٹ پر پیش آیا ہے، ملزمان فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کے گھیرے میں لے لیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی۔

واضح رہے کہ یہ حملہ گذشتہ ماہ 20 مارچ کو ہوا تھا اور آج پھر اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوئے ہیں

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اس طرح کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، دہشتگردی ناسور ہے اور صفایا کرکے دم لیں گے، کوئی بھی مذہب معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں