بونیر میں پولیس کی کارروائی، پولیو ٹیم پر حملہ میں ملوث دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

بونیر (ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس کے ساتھ فائرنگ تبادلہ میں پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا ہے، آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

بونیر میں 25 اپریل کو پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تور ورسک جنگدرہ کے علاقے میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے سرچ آپریشن شروع کیا تو اس دوران دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں انٹیلی جنس انچارج وارث خان زخمی ہوگیا۔جیسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مزید نفری طلب کی گئی تو دہشت گردوں نے دوبارہ فائرنگ کردی تاہم اس دوران جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا ہے جیسے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پولیو مہم کے دوران انسداد پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک پولیس اہکار شہید ہوگیا تھا

دوسری جانب وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء نے پولیس آپریشن سے متعلق اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بونیر پولیس نے اطلاع پر ٹارگیٹڈ آپریشن کیا، آپریشن کی نگرانی ضلع بونیر کے پولیس چیف ڈی پی او ارشاد حان نے کی۔ انہوں نے کارروائی میں ایک دہشت گرد کی ہلاکت اور دوسرے ساتھی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں