شمالی وزیرستان: افغان سرحد سے دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کے 3 جوان شہید، 7 زخمی

راولپنڈی + میران شاہ (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے الواڑہ میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میںپاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرحد پار سے 60 سے 70 دہشت گردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر حملہ کیا، جس پر پاک فوج کے جوانوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوئے، جبکہ 7 جوان زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاک فوج کے شہداء میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں، پاک فوج کے جوان پاک افغان سرحد پر باڑ لگا رہے تھے کہ ان پر حملہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل جاری ہے جس کا پہلا مرحلہ گزشتہ برس دسمبر میں مکمل کر لیا گیا ہے۔

پاک فوج نے پہلے مرحلے میں 900 کلومیٹر طویل سرحد پر کامیابی کے ساتھ باڑ لگا دی تھی، تاہم بقیہ منصوبہ رواں برس ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سرحد پر باڑ لگانے کے دوران افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے وقفے وقفے سے متعدد مرتبہ پاک فوج پر حملے کیے ہیں جن میں کئی جوان شہید بھی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں