مہمند ایجنسی: خاتون کی فائرنگ سے ایف سی اہلکار ہلاک

مہمند (ویب ڈیسک) مہمند کی تحصیل مامد گٹ آرمی کیمپ کے ایف سی اہلکار رات کی تاریکی میں گھر کے اندر داخل ہونے پر خاتون کی فائرنگ سے ہلاک ، واقعہ کے خلاف عوام کا شدید احتجاج ، پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر ٹینٹ لگا کر شام تک دھرنا دیا۔ مسا فروں کو مشکلات کا سامنا ،ممبر قومی اسمبلی ساجد خان مہمند، سول انتظامیہ وپولیس حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد عوام نے دھرنا اور احتجاج ختم کر دیا۔ مظاہرین کا گھر والوں کو مکمل تحفظ اور آئندہ کیلئے اس طرح کے واقعات کے تدارک کا مطالبہ۔

قبائلی ضلع مہمند انتظامیہ رپورٹ کے مطابق قبائلی ضلع مہمند تحصیل صافی مامد گٹ سید خان کور میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو امین اللہ کے گھر میں سیکورٹی اہلکار شریف داخل ہو گیا جس پر گھر کے اندر موجود خاتون نے فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ امین اللہ کے چچا زاد بھائی حافظ اللہ نے بتایا کہ ہمارے گھر کی چادر اور چاردیواری کو پامال کر نے کے نتیجے میں گھر میں موجود عورت کی فائرنگ سے وہ ہلاک ہوا۔

انہوں نے کہاکہ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز لاش اپنے ساتھ لے جا کر ہم سے پستول اور موبائل بھی لے گئے۔ واقعہ کے خلاف مقامی لوگوں اور سیاسی عہدیداروں ملک فردوس خان صافی، ذاہد خان صافی، پی پی پی کے جنگریز خان مہمند، اے این پی کے نثار مہمند، جماعت اسلامی کے محمد سعید خان، پی ٹی آئی کے محمد صادق و دیگر نے پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ کو احتجاجاً کئی گھنٹوں تک ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رکھا۔

انہوں نے سیکورٹی حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ رات کی تاریکی میں گھروں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔ اس دوران ممبر قومی اسمبلی ساجد خان مہمند، سول انتظامیہ اور پولیس حکام کی کامیاب مذاکرات پر عوام نے دھرنا اور احتجاج ختم کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں