باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو مانیٹرنگ آفیسر عبد اللہ جاں شہید

خار ( ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد نے پولیو مانیٹرنگ آفیسر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ضلع باجوڑ کے علاقے سیسئی ماموند کا رہائشی 35 سالہ عبد اللہ جان گزشتہ روز عنایت کلے بازار سے گھر جارہا تھے کہ علاقہ تنئی میں دریا کے قریب نامعلوم افراد نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد لیویز اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل قبائلی ضلع مہمند میں بھی پولیو اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ قتل کی یہ لرزہ خیز واردات 8 اپریل کو رونما ہوئی تھی جس میں اٹوخیل سے تعلق رکھنے والے جوانسال پولیو ورکر واجد خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا میں ہونے والے دو الگ الگ حملوں میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔

بنوں اور بونیر میں پولیو ٹیم پر حملوں کے بعد ان علاقوں میں انسدادِ پولیو کی مہم روک دی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں