20/May/2025

ڈرون حملہ: شمالی وزیرستان میں بچوں کی ہلاکت پر عوام سراپا احتجاج، اہم شاہراہیں بند

👁️ 110 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ڈرون حملہ: شمالی وزیرستان میں بچوں کی ہلاکت پر عوام سراپا احتجاج، اہم شاہراہیں بند

ڈرون حملہ: شمالی وزیرستان میں بچوں کی ہلاکت پر عوام سراپا احتجاج، اہم شاہراہیں بند

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے گاؤں ہرمز میں مبینہ ڈرون حملے میں بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں شدید احتجاج پھوٹ پڑا ہے۔ مقامی قبائل نے ہلاک شدگان کی لاشیں میر علی میں انتظامیہ کے دفاتر کے سامنے رکھ کر مظاہرہ شروع کیا ہے۔

اتمانزئی قبیلے کے ترجمان مولانا بیت اللہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین بہن بھائی اور ان کا ایک معذور کزن شامل ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حملہ پیر کی صبح ہوا اور زخمیوں کو فوری طور پر بنوں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ضلعی پولیس افسر وقار احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ واقعہ مبینہ ڈرون حملہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں تاکہ ڈرون کی نوعیت اور ماخذ کا تعین کیا جا سکے۔ پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں شدت پسندوں کی جانب سے کواڈ کاپٹرز کے استعمال کی اطلاعات بھی ملی ہیں مگر اس کی تصدیق ابھی ممکن نہیں۔

واقعے کے خلاف قبائلی رہنماؤں، مقامی افراد اور سیاسی شخصیات نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنما محسن داوڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں چار بچے ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہوئی ہے۔ انھوں نے اپنی جماعت کی طلبہ تنظیم کو ہدایت دی ہے کہ واقعے کے خلاف تمام تعلیمی اداروں میں احتجاج کیا جائے۔

مقامی رہنما نثار علی کے مطابق میر علی سے ملحقہ چار اہم سڑکیں بند کر دی گئی ہیں جن میں بنوں-میرانشاہ، ہنگو-ٹل، رزمک اور خیسور جانے والے راستے شامل ہیں۔ علاقے میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے اور مظاہرین ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مولانا بیت اللہ کا کہنا ہے کہ احتجاج میں شمالی وزیرستان کے دیگر علاقوں سے بھی لوگ شریک ہو رہے ہیں۔ ایک روز قبل قبائلی جرگہ بھی منعقد ہوا تھا اور سکیورٹی فورسز سے مذاکرات ہونا تھے، تاہم حملے نے صورتِ حال مزید سنگین بنا دی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق مظاہرین سے بات چیت کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کشیدگی کم کی جا سکے۔

مزید تفصیلات اور حکام کی جانب سے تصدیق سامنے آنے کا انتظار ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C