30/May/2025

ڈیرہ اسماعیل خان میں میجر سمیت 3 افراد اغوا، کرک میں 90 کلو بارودی مواد برآمد

👁️ 86 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ڈیرہ اسماعیل خان میں میجر سمیت 3 افراد اغوا، کرک میں 90 کلو بارودی مواد برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان میں میجر سمیت 3 افراد اغوا، کرک میں 90 کلو بارودی مواد برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان+ کرک (نمائندگان ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا میں شدت پسندی کے دو اہم واقعات نے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر ایک بار پھر تشویش بڑھا دی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک سابق فوجی افسر سمیت تین افراد کو شدت پسندوں نے اغوا کر لیا جبکہ کرک میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کر کے ایک ممکنہ بڑی تباہی کو ناکام بنا دیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان: میجر (ر) شہریار اور دو ساتھی اغوا

اطلاعات کے مطابق، میجر (ر) شہریار اپنے دو ساتھیوں، فرخ اور ہاشم کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان سے دوسالی کے علاقے کی طرف سفر پر تھے جب انہیں ٹانک کے قریب شدت پسند تنظیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارندوں نے اغوا کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افراد معمول کے مطابق سفر کر رہے تھے جب شدت پسندوں نے گھات لگا کر کارروائی کی۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم تاحال مغویوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، میجر (ر) شہریار کا تعلق ماضی میں سیکیورٹی اداروں سے رہا ہے، جس کے باعث حکام اس اغوا کو ایک حساس اور منصوبہ بند کارروائی قرار دے رہے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے مغویوں کی بازیابی کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں، جب کہ ٹانک اور ارد گرد کے علاقوں میں آپریشنز کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

کرک: 90 کلوگرام بارودی مواد برآمد

دوسری جانب ضلع کرک میں پولیس نے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں بارودی مواد قبضے میں لے لیا۔ تھانہ کرک سٹی کے ایس ایچ او رحیم خان کی قیادت میں ٹیم نے خفیہ اطلاع پر انڈس ہائی وے پر واقع پرانا ٹال پلازہ کے قریب ناکہ بندی کی۔

کارروائی کے دوران ایک مشتبہ موٹر کار کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے دوران گاڑی سے 90 کلوگرام بارودی مواد، 800 ڈیٹونیٹرز اور 400 میٹر سیفٹی فیوز وائر برآمد ہوئے۔ پولیس نے موقع سے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور بارودی مواد کے غیر قانونی استعمال کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر بارودی مواد کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C