21/May/2025

میر علی میں مبینہ ڈرون حملے میں‌ بچوں کی ہلاکت ، پاکستانی فوج نے الزامات مسترد کر دیے

👁️ 73 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
میر علی میں مبینہ ڈرون حملے میں‌ بچوں کی ہلاکت ، پاکستانی فوج نے الزامات مسترد کر دیے

میر علی میں مبینہ ڈرون حملے میں‌ بچوں کی ہلاکت ، پاکستانی فوج نے الزامات مسترد کر دیے

شمالی وزیرستان / راولپنڈی (ڈیلی اردو ) میر علی میں 19 مئی کو پیش آنے والے دھماکہ خیز واقعے پر سیکیورٹی فورسز پر عائد کیے گئے الزامات کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ عسکری ترجمان کے مطابق یہ الزامات انسداد دہشت گردی میں فورسز کی کوششوں کو متنازع بنانے کی ایک منظم مہم کا حصہ ہیں۔

واقعہ تحصیل میر علی کے گاؤں ہرمز میں اس وقت پیش آیا جب ایک مکان میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار بچے موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی۔ مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں پیش آیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے بعد مقامی قبائلی افراد نے ہلاک ہونے والے بچوں کی میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا شروع کر دیا جو تاحال جاری ہے۔ احتجاج میر علی کے مقام پر ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کے سامنے دیا جا رہا ہے، جہاں مظاہرین انصاف اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اتمانزئی قبیلے کے ترجمان مولانا بیت اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک شدگان کی میتوں کے ساتھ پرامن دھرنا دیا جا رہا ہے، اور مطالبہ ہے کہ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔

ادھر عسکری ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں، اور واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

انتظامیہ اور دھرنا منتظمین کے درمیان بات چیت جاری ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ یا اعلامیہ سامنے آئے گا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C