لاہور مدرسے کے واقعہ میں ملوث کرداروں کو کڑی سزا ملنی چاہیئے، وفاقی وزیر مذہبی امور

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان کے خلاف سازشیں جاری ہیں ہمیں متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ لاہور مدرسے واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملوث کرداروں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیئے۔

اسلام آباد میں شہید پاکستان و اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شہید سرفراز نعیمی ملنسار، جدوجہد کرنے والی شخصیت تھے۔ ان کی پاکستان میں اتحاد امت اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری کا شہید پاکستان اور اتحاد امت کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر سرفراز نعیمی ایک شفیق انسان تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر سرفراز نعیمی ملنسار شخصیت کے مالک تھے، داعی اتحاد امت تھے نفرتوں کومٹانے والے تھے، بہادر شخصیت تھے ہمیشہ فتنوں کے سامنے ڈٹے رہتے تھے۔

راجا ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ حکومت نصاب تعلیم پر جید علمائے کرام کو بٹھائے تاکہ مسائل پیدا نہ ہوں، امریکہ خطے میں خطرناک کھیل رہا ہے، خطے کی صورتحال اس وقت بہت پیچیدہ ہے، ہمیں ملکی استحکام وترقی اور تحفظ کے لئے متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔

کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام شریک ہیں، کانفرنس میں جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، ضیااللہ شاہ، ثاقب اکبر و دیگر شریک ہیں۔

مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استعمار امت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، عالم اسلام کو متحد ہو کر دین اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا، ہم سب کو ملکر پاکستان کے اندر مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر مفتی گلزار نعیمی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مفتی ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی نے پوری زندگی اتحاد امت کے لیے کام کیا، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی اور انہیں شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی شہید نے پوری زندگی سادگی اور اسلام کی خدمت میں گزاری تھی۔

مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کا اتحاد امت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ شہادت کا بہت بڑا رتبہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مفتی سرفراز نعیمی کی اتحاد امت کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مفتی سرفراز نعیمی اسلام دشمن قوتوں کے خلاف ڈٹے رہے، ہم سب کو ملکر آگے بڑھنا ہے، آج عالم کفر اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ملک میں اتحاد امت اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، استعمار کی سازشوں کو ناکام بنانے کے ہمیں ایک ہونا ہوگا۔

اس ضمن میں ضیا اللہ شاہ بخاری کا اتحاد امت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ شہید پاکستان ڈاکٹر سرفراز نعیمی نے اسلام اور ملک کے لئے اپنی جان قربان کردی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہمیں مذہبی ہم آہنگی، اتحاد امت اور بھائی چارے کو فروغ اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔

ضیا اللہ شاہ بخاری نے مزید کہا کہ اتحاد امت کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، پیغام پاکستان قومی بیانیہ بن چکا ہے فرد فرد تک پہنچانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں